دہشتگردی کے عفریت کو مکمل ختم کر کے ہی دم لیں گے،وزیراعظم

شہداء ہمارا مان ہیں اور قوم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی‘وزیرداخلہ

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف ،وزیرداخلہ محسن نقوی اور رکن قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی نے پشاورمیں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور جام شہادت نوش کرنیوالے کیپٹن حسین جہانگیراور حوالدار شفیق اللہ کی بلندی درجات کیلئے دعا اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کو مکمل ختم کر کے ہی دم لیں گے ‘پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء ہمارا مان ہیں اور قوم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔سید علی موسی گیلانی نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج اور جوانوں پر فخر ہے پاکستانی قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاکستان آرمی کے کیپٹن حسین جہانگیر ، حوالدار شفیق اللہ کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ‘دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کر کے ہی دم کہیں گے ‘پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے ‘ ہم شہداء کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آپریشن میں شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ نے جان دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ نے جرات کے ساتھ 5دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے شہادت کا اعلی مرتبہ پایا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ شہداء وطن ہمارا مان ہیں اور قوم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ رکن قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی نے حسن خیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران شہید کپٹن حسن اور پاک فوج کے حوالدار شفیق کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدوں کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔سید علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ بہادری سے ملک اور قوم کا دفاع کیا‘ہمیں اپنی فوج اور جوانوں پر فخر ہے پاکستانی قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ‘اس ملک کی سلامتی کے لیے پاک فوج نے بہت سی لازوال قربانیاں دیں۔

Comments are closed.