شہباز شریف سے پی پی وفد کی ملاقات ،ملازمین کی25 فیصد تک تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ

اسلام آبا د(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے ملاقات کی ہے جس میں ملکی کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ذرائع کے مطابق ملاقات میں مالی سال 2024-25 کے بجٹ کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی، ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی نے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 20 سے 25 فیصد اضافے کا مطالبہ کیاجس پر وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے تنخواہوں میں اضافہ کرینگے،

ہماری اتحادی حکومت کی اولین ترجیح بھی یہی ہے کہ غریب عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی وفد نے سندھ حکومت نے وفاق کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی تیز کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور سندھ کے نئے ترقیاتی منصوبوں کی فہرست بھی وفاقی وزیر احسن اقبال کو پیش کی،پیپلز پارٹی نے بجٹ کی منظوری میں حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی،اس موقع پر وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کے حوالے سے اپنی خواہش کا اعادہ کیا جس پر پی پی وفد نے کہا کہ اس بارے حتمی فیصلہ صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کرینگے۔ملاقات میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، سید نوید قمر ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور شیری رحمان شامل تھے جبکہ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔

Comments are closed.