عمران خان ”میں نہیں تو ملک نہیں“ کی سیاست نا کریں، شیری رحمان

اسلام آباد ( آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان ”میں نہیں تو ملک نہیں“ کی سیاست نا کریں، تحریک انصاف غداری کے سرٹیفکیٹ دینا بند کرے، اس انتشار اور نفرت کی آگ نے ملک کو پہلے ہی بہت نقصان دیا ہے۔عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جس طرح کی بیان بازی کی جاری ہے وہ تشویشناک ہے، تحریک انصاف مسلسل نفرت اور اشتعال کے بیانیے کو ہوا دے رہی ہے، عمران خان سے منسوب بیان میں وہ خود کا شیخ مجیب سے موازنہ کر رہے ہیں، عمران خان کس طرح کا پیغام دے رہے ہیں۔ عمران خان کے سوشل میڈیا پر جاری بیان پر ردعمل میں شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف آئین، جمہوری اصولوں اور ملک کی دھجیاں بکھیر کے "غدار” ڈھونڈنے نکلے ہیں، انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کو وفاقی حکومت بنانے کی دعوت دی لیکن اپنی انا اور نااہلی کی وجہ سے یہ حکومت نہیں بنا سکے، اب یہ شیخ مجیب بننے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کو کئی بار ڈائیلاگ کی دعوت دی ہے لیکن انہوں نے سیاسی جماعتوں سے نہیں کسی اور سے مذاکرات کرنے ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ جب ادارے ان سے مذاکرات کرنے سے انکار کریں تو ان کو شیخ مجیب یاد آ جاتا ہے،عمران خان کس طرح کا پیغام دے رہے؟ شیری رحمان نے کہا کہ کیا یہ کہنا چاہتے ہیں کہ مجھے حکومت دو ورنہ ملک ٹوٹ جائے گا؟ عمران خان ”میں نہیں تو ملک نہیں“ کی سیاست نا کریں، تحریک انصاف غداری کے سرٹیفکیٹ دینا بند کرے، اس انتشار اور نفرت کی آگ نے ملک کو پہلے ہی بہت نقصان دیا ہے۔

Comments are closed.