ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا اور کسی کے ارمان ٹوٹ گئے،وزیر اطلاعات و نشریات

اسلام آباد (آن لائن) وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے ملک ڈیفالٹ ہونے کے خطر ے سے باہر آ گیا‘کسی کے ارمان ٹوٹ گئے، معیشت کے لئے مثبت خبر یں آ رہی ہیں ، یو اے ای نے دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، سعودی عرب کے ساتھ بھی پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے بات چیت چل رہی ہے ۔ بانی پی ٹی آئی ا قتدار کا نشہ ٹو ٹنے کے باعث بے ر بط بیانات دے رہے ہیں ۔ ملک ٹوٹنے کے ان کے خواب چکنا چور ہوں گے ۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر پاکستان کو کامیابیاں مل رہی ہیں ،وزیراعظم نے ناروے اور آئرلینڈ کے وزرائے اعظم سے گفتگو کی ہے ،ناروے اور آئرلینڈ نے مشرق وسطی کی صورتحال پر جو فیصلہ لیا اس کو سراہاگیا ۔ دونوں ممالک نے بہت جرات مندانہ فیصلے کئے ، وزیراعظم نے دونوں ہم منصبوں کو بتایا کہ پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے،وزیراعظم نے دنیا کے امن کو غزہ میں امن سے مشروط قرار دیا ہے ،مسئلہ فلسطین پر عالمی فورمز پر بات کی، ان تمام اقدامات سے مظلوم فلسطینیوں تک پیغام پہنچے گا کہ دنیا کے ممالک ان کی صورتحال پر تشویش میں مبتلا ہیں ۔ انہوں نے کہا ہم فلسطین میں امن اور جنگ بندی کے خواہاں ہیں ۔ پوری قوم کو فلسطینوں اور غزہ کی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا چاہیے ۔ ایس آئی ایف سی کو ملکی معیشت کے لئے انتہائی اہم فورم قرار د یتے ہوئے انہوں نے کہا ایس آئی ایف سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے فیصلے ہوئے،دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کی جانب سے پذیرائی مل رہی ہے۔ ایس آئی ایف سی میں چین، قطر، یو اے ای ، سعودی عرب ، یورپی یونین امریکہ اور فار ایسٹ کے علیحدہ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں ۔

انہوں نے ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت خبروں کی طرف اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای نے 10 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب سے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لئے بات چیت جاری ہے وزیراعظم اگلے چند دنوں میں چین کا بھی دورہ کر رہے ہیں ۔ جو کہ سی پیک کے حوالے سے اہم ہے ۔ آئی ایم ایف کے وفد نے بہت مثبت پریس ریلیز جاری کی ہے ۔ ہماری آئی ٹی برآمدات میں اضافہ، مہنگائی میں کمی ہوئی۔ مہنگائی کا 17 فیصد پر آنا ایک بہت بڑی پیشرفت ہے۔ عالمی جریدے بھی پاکستان کی معیشت کی بحالی کی نوید سنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا پی آئی اے کی نجکاری بھی تیزی سے چل رہی ہے ، یورپ کا فلائٹ آپریشن جلد بحال ہو گا ۔ ایف بی آر کی ڈیجیٹیلائزیشن پر بھی کام تیز رفتاری سے جاری ہے ۔ پاکستان نے ترقی کرنی ہے اور آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام تر ترقی مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی ۔ یہ ملک ٹوٹنے کے خواب دیکھ رہے ہیں ۔ا پنے آپ کو شیخ مجیب سے ملا رہے ہیں بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا میں نہ رہا تو پاکستان ٹوٹ جائے گا۔ سیاسی مفادات اور اپنی بقاء کو پاکستان کی بقاء سے جوڑا جاتا ہے۔ یہ لوگ اپنے چھوٹے چھوٹے مفادات کے خلاف پاکستان کے مفادات کو دا و پر لگا دیتے ہیں۔ مخصوص ایجنڈے کے تحت ملک کو ڈیفالٹ کی حد تک پہنچایا گیا۔ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے۔ سائفر کو عوام کے سامنے لہرایا گیا۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے ساتھ کھیلا گیا۔ دوست ممالک سے ملنے والے تحائف کو بیچا گیا۔ مخصوص پروپیگنڈے کے تحت ملک کو 71 والے حالات سے ملانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کا نشہ ٹوٹنے سے ملک کی جڑوں کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ملک کے خلاف جھوٹا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے پورے دور میں جی ڈی پی منفی میں رہی ۔ یہ اپنے کرتوتوں میں مصروف رہے او ر ملک کی کوئی پرواہ نہیں کی ۔ ان لوگوں نے دوست ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات خراب کئے۔ یہ گھڑیاں اور انگوٹھیاں اکٹھی کرنے میں مصروف تھے یہ اتنے مصروف تھے کہ انہیں ملکی معیشت اور ملکی تعلقات کی کوئی پرواہ نہیں تھی۔ آج یہ اپنے آپ کو مظلوم ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا تو اور کسی کے ارمان ٹوٹ گئے۔ ان کی کوشش تھی کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے اور یہ سیاسی فائدہ اٹھا سکیں۔ 9 مئی کو سازش کر کے انہوں نے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ ان کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ ملکی سالمیت کو دا و پر لگا کر سیاسی فائدہ لیا جائے۔ خان نہیں تو پاکستان نہیں یہ ان شر پسندوں کا بیانیہ ہے ۔ بانی پی ٹی آئی کا بھی یہی کہنا تھا کہ میں نہ رہا تو پاکستان نہیں رہے گا ‘ان کی خواہش کبھی پوری نہیں۔ آپ نے آئی ایم ایف کو خط لکھا بے سود رہا ۔ آ پ کی تمام تر کوششیں رائیگاں گئیں۔ آپ کا مقصد ملک کو تباہ کرنا تھا ۔ ایک سو نوے ملین کا سکینڈل ہونے کے باوجود خود کو مظلوم ظاہر کر رہے ہیں ۔ خود کو شیخ مجیب سے ملا ر ہے ہیں ۔ ان کو تاریخ کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ آپ جس طرح ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی کوشش کرہے ہیں آپ کا خواب پورا نہیں ہونے دیں گے ۔ آپ کا مکروہ چہرہ پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو گیا ۔

Comments are closed.