” یوم تکبیر“کا دن ہماری قوم کے اپنے ناقابل تسخیر دفاع کی تشکیل کی جدوجہد کی نشاندہی کرتا ہے ، وزیراعظم
اسلام آباد ( آن لائن ) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 28مئی یوم تکبیر کا دن محض ایک یادداشت سے کہیں زیادہ اہم دن ہے ، یہ ہماری قوم کے اپنے ناقابل تسخیر دفاع کی تشکیل کی جدوجہد کی نشاندہی کرتا ہے ،اس دن نواز شریف نے اعصاب شکن دباؤ کومسترد کرتے ہوئے پاکستان کو ایٹمی ملک بنادیا ۔یوم تکبیر پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، آج کے دن پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کیلئے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباوٴ قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
آج کے روز ہم یہ عہد کریں کہ نہ صرف بیرونی دشمنوں بلکہ پاکستان میں موجود 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شرپسندی کو اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کے ساتھ دن رات محنت سے ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کیلئے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے، یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں، جو ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔
Comments are closed.