پاکستان دنیا میں قیام امن اور انصاف کے لئے پر عزم ہے، وزیراعظم

اسلام آباد( آن لائن ) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ہمراہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کا عالمی دن منا رہا ہے ،یو این امن مشن جنگ کا شکار خطوں میں شہریوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ،پاکستانی امن مشنز کا خصوصی شکریہ جنہوں نے دنیاکے امن میں اپنا کردار ادا کیا ۔اقوام متحدہ کے تحت قیام امن کے لئے خدمات انجام دینے والوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یو این امن مشن کا حصہ بن کر 64 برس سے 2 لاکھ 30 ہزار مرد و خواتین فوجیوں نے پاکستان کا نام بلند کیا ان 2 لاکھ 30 ہزار پیس کیپرز میں سے 181 شہید بھی ہوئے شہداء کی بے لوث اور جرات مند قربانیاں ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا میں قیام امن اور انصاف کے لئے پر عزم ہے ہم ایسا مستقبل بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جہاں امن اور انسانیت کا بول بالا ہو گا۔

Comments are closed.