چیف جسٹس کیخلاف خود ساختہ کمیٹی کے مطالبے کا سپریم کورٹ نوٹس لے،اکبر ایس بابر

اسلام آباد(آن لائن)تحریک انصاف کے بانی رہنمااکبرایس بابر نے عمران خان اور پی ٹی آئی سے متعلق تمام مقدمات میں چیف جسٹس کے الگ ہو جانے کے خود ساختہ کور کمیٹی کے فیصلے کاسپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ہفتہ کے روز اپنے ایک بیان میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پی ٹی آئی پچھلے پانچ سالوں میں انٹرا پارٹی الیکشن کرانے میں ناکام رہی ہے۔ جماعت کے اندر انتخابات نہ کرانے کی وجہ سے اس وقت کور کمیٹی سمیت پی ٹی آئی کی تمام کمیٹیاں اور عہدے دار خود ساختہ ہیں جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔اکبر بابر نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست کی کہ ایک غیر قانونی کمیٹی کے غیر قانونی مطالبے کا نوٹس لیا جائے اور خود ساختہ عہدے داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بھی اپنا مطالبہ دوہرایا کہ پی ٹی آئی کی قانونی حیثیت بحال ہونے اور قانونی طور پر عہدے داروں کے انتخاب تک پی ٹی آئی کا نام اور تمام اثاثے بشمول پی ٹی آئی بینک اکاوٴنٹس کے غیر قانونی استعمال پر فی الفور پابندی لگائی جائے جس سے متعلق ان کی تحریری درخواست 5 مارچ 2024 سے زیرالتوا ہے۔

Comments are closed.