جمہوریت میں آزادی اظہار رائے پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی ،عمر ایوب

اسلام آباد( آن لائن) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں آزادی اظہار رائے پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی،پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے رکن اظہر مشوانی کے گھر پرچھاپے کی مذمت کرتے ہیں ان کے دونوں بھائیوں کو فوری رہا کیا جائے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات اظہر مشوانی کے گھر پر ریڈ کیا گیا۔ان کے پروفیسر بھائیوں کو سی ٹی ڈی اور سادہ لباس میں ملبوس افراد نے گرفتار کیا۔ پاکستان میں اظہار رائے کی آزادی ہے آئین میں کوئی ہائیبرڈ سسٹم نہیں ہے۔ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کی ٹیم کے لوگوں کو 2021 میں آئی ایس پی آر سے ایوارڈ ملے ہیں۔ تحریک انصاف کے کارکنان کا صرف یہ قصور ہے کہ وہ اپنے قائد کے پیچھے کھڑے ہیں۔ایسی کارروائیوں کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ہمارے کارکنوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔آئے روز ہمارے کارکنوں و رہنماؤں پر بے بنیاد مقدمات قائم کئے جارہے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔جمہوریت میں آزادی اظہار رائے پر پابندی نہیں لگا ئی جا سکتی۔عمرا یوب نے مطالبہ کیا کہ اظہر مشوانی کے بھائیوں سمیت پی ٹی آئی خواتین رہنماء صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو بھی فوری رہا کیا جائے۔عدالتوں سے رہائی کے باوجود خواتین رہنماؤں کی دوبارہ گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔

Comments are closed.