سرکاری سکیم حج:70ہزار سے زائد عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے

اسلام آباد(آن لائن)سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے 70ہزار سے زائد عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے جبکہ نجی حج سکیم کے تحت عازمین کی روانگی کل منگل تک مکمل ہوجائے گی۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں وہ مکہ مکرمہ میں منعقدہ حج سمپوزیم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ترجمان کے مطابق سرکاری سکیم کیلئے پری حج فلائٹ آپریشن کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے اور گذشتہ روزاسلام آباد سے جانے والی سعودی ایئرکی پرواز نمبر 3727کے ذریعے 380 عازمین کرام جدہ ایئر پورٹ پر بخریت پہنچ گئے ہیں ترجمان کے مطابق حج سکیم کے ذریعے 70 ہزار عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جبکہ آئندہ دو روز میں مزید 20 ہزار پرائیویٹ عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے ترجمان کے مطابق سعودی مکاتب کی جانب سے منیٰ اور عرفات میں عازمینِ حج کے 5 روزہ قیام کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اورعازمینِ کی وادیِ منیٰ کیلئے روانگی کا آغاز 13 اور 14 جون کی درمیانی شب کو ہو گا ترجمان کے مطابق پاکستان حج مشن نے وادیِ منیٰ میں عازمینِ حج کی سہولت کیلئے کیمپ آفس قائم کر دیا ہے جس میں شعبہ معلومات و رہنمائی، شکایات، امراض و اموات قائم کیے جائیں گے جبکہ وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور وفاقی سیکرٹری ذوالفقار حیدر حج آپریشن کی براہ راست نگرانی کریں گے۔۔۔۔۔اعجاز خان

Comments are closed.