صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم کی ملاقات ‘ بجٹ کی منظوری کیلئے صدر اور پیپلزپارٹی کی مکمل حمایت طلب کرلی

اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے بجٹ کی منظوری کیلئے صدر اور پیپلزپارٹی کی مکمل حمایت طلب کرلی۔ذرائع کے مطابق ملاقات ایوان صدر میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی واقتصادی صورتحال خاص طور پرآئندہ بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم نے صدر مملکت کو بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ معیشت کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بجٹ منظوری سے متعلق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی سے مکمل حمایت طلب کرلی، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور معاشی امور پر بھی غورکیا گیا۔ادھرپیپلز پارٹی بجٹ سے قبل پارلیمنٹ ہاوٴس میں سر جوڑ کر بیٹھے گی۔پیپلز پارٹی کے اس اجلاس سے قبل صدر مملکت سے وزیراعظم کی ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

Comments are closed.