رفح میں حماس تنظیم کے خلاف گھمسان کی لڑائی اختتام کے قریب ہے ‘نیتن یاہو

مقبوضہ بیت المقدس (آن لائن)اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی کے جنوبی شہر رفح میں حماس تنظیم کے خلاف گھمسان کی لڑائی اختتام کے قریب ہے تاہم یہ جنگ غزہ کی پٹی پر حماس کے کنٹرول کے خاتمے سے قبل ہر گز ختم نہیں ہو گی۔ اسرائیلی ٹی وی چینل 14 کو دیے گئے انٹرویو میں نینتن یاہو کا کہنا تھا کہ غزہ میں شدید لڑائی کے ختم ہونے سے اسرائیل لبنان کے ساتھ شمالی سرحد پر اپنی مزید فوج بھیج سکے گا۔ یہاں ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ساتھ لڑائی بڑھ رہی ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ”شمالی سرحد کی جانب مزید فوج بھیجنے کے دو مقاصد ہوں گے۔ سب سے پہلے یہ دفاعی مقاصد کے لیے ہو گا اور دوسری چیز تا کہ ہمارے شہری اپنے گھروں کو واپس آ سکیں۔ اگر ممکن ہوا تو ہم سفارتی راستوں سے ایسا کریں گے اور اگر ہم کامیاب نہ ہو سکے تو پھر کوئی اور طریقہ اختیار کریں گے تاہم ہر صورت ان (اسرائیلی) شہریوں کو ان کے گھروں میں واپس لے کر آئیں گے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے ایک بار پھر اس خیال کو مسترد کر دیا کہ مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کو حماس کی جگہ غزہ کی پٹی کا انتظام و انصرام سونپا جائے۔

Comments are closed.