وفاقی حکومت ”آپریشن عزم استحکام “بارے تمام سیاسی جماعتوں کواعتماد میں لے:خواجہ سعد رفیق
لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ”آپریشن عزم استحکام “بارے تمام سیاسی جماعتوں کواعتماد میں لے، سیاسی قیادت سے مکالمہ اور انکی تائید آپریشن کی کامیابی کے لئے اہم ہے ،سیاسی قیادت داخلی جھگڑوں سے بالاتر ہو کر ریاستی مفاد میں قدم بڑھائے ۔انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر ) پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں،ریاستی تنصیبات ،عبادت گاہوں ،بے گناہ لوگوں پر حملے کرنے اور بم پھاڑنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ،انکے خاتمے تک انکے خلاف آپریشن بلا تعطل تسلسل سے جاری رہنا چاہیے ۔ بدقسمتی سے پی ٹی آئی حکومت میں دہشت گردوں سے مذاکرات اور انہیں ڈھیل دینے کی باجوہ ڈاکٹرائن نے بیک فائر کیا اور انہیں دوبارہ قدم جمانے کا موقع ملا جبکہ افغانستان کی امارات اسلامیہ اس مسئلے کو حل کرنے کی بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وفاقی حکومت عسکری قیادت کے ذریعے پارلیمنٹ کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے ان کیمرہ سیشن میں ”آپریشن عزم استحکام “بارے تمام سیاسی جماعتوں کواعتماد میں لے، سیاسی قیادت سے مکالمہ اور انکی تائید آپریشن کی کامیابی کے لئے اہم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت داخلی جھگڑوں سے بالاتر ہو کر ریاستی مفاد میں قدم بڑھائے جیسا کہ عمران حکومت کے دوران اسوقت کی اپوزیشن نے قومی معاملات پر ریاست کی مدد کی ۔واضح کر دیا جائے کہ اس آپریشن کا دائرہ کار ایک صوبہ نہیں بلکہ پورا پاکستان ہو گا اور نشانہ جیٹ بلیک ٹیررسٹ ہوں گے ۔
Comments are closed.