لاہور(آن لائن)چوہدری برادران کے درمیان صلح ہوگئی ، خاندانی مراسم بحال کرلئے لیکن چوہدری برادران نے اتفاق کیا کہ سیاسی میدان اپنا اپنا ہوگا‘چوہدری شجاعت حسین اور ایک وفاقی وزیر نے چوہدری پرویز الہی کی رہائی کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا ۔چوہدری پرویز الٰہی نے رہائی کے بعد اپنے سیاسی بیانات کو ایک محدود دائرے میں رکھنے پر اتفاق کیا۔ باخبرذرائع کے مطابق چوہدری پرویزالہی کی چوہدری شجاعت سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات ہوئی۔لاہور میں ہونے والی ملاقات میں چوہدری راسخ الٰہی اور چوہدری سالک حسین بھی شریک تھے ، چوہدری پرویز الٰہی نے چوہدری شجاعت کی عیادت کی ، ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے رہائی میں کردار ادا کرنے پر چوہدری شجاعت کا شکریہ ادا کیا ، چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی نے خاندانی تنازعات ختم کرنے پر اتفاق کرلیا اور چوہدری شجاعت نے چوہدری پرویز الٰہی کو مسلم لیگ ق میں واپسی کی دعوت دی تاہم چوہدری پرویز الٰہی نے چوہدری شجاعت کو جواب دیا کہ مونس الٰہی پی ٹی آئی میں رہنے پر بضد ہے
، ذرائع کے مطابق چوہدری برادران نے سیاسی راستے جدا رہنے کی صورت میں بھی خاندانی تعلقات کی بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔چوہدری شجاعت نے چوہدری پرویز الٰہی کی رہائی سے ایک روز قبل بھی جیل میں ان سے ملاقات کی ، وفاقی وزیر کی فیملی سے بھی لوگ چوہدری شجاعت حسین کے ہمراہ تھے ، چوہدری شجاعت نے ملاقات میں چوہدری پرویز الٰہی کو رہائی کے حوالے سے بعض معاملات پر قائل کیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے رہائی کے بعد اپنے سیاسی بیانات کو ایک محدود دائرے میں رکھنے پر اتفاق کیا۔ مسلم لیگ ق کے ترجمان مصطفی ملک نے چوہدری برادران کے درمیان ملاقاتوں اور صلح کی تصدیق کی اور کہا کہ چوہدری برادران کے درمیان خاندانی تنازعات ختم ہو گئے ہیں ،طویل ناراضگی کے بعد دونوں بھائیوں میں صلح ہونا خوش آئند ہے۔چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی کی صلح ایک اچھی پیش رفت ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ق کے مطابق چوہدری برادران میں سیاسی معاملات پر ڈیڈلاک پر برقرار ہے ، چوہدری شجاعت کی کوشش ہے کہ سیاسی امور پر ڈیڈلاک کو بھی ختم کیا جائے۔
Comments are closed.