روس سے مضبوط تعلقات ،روڈ میپ کیلئے16 رکنی کمیٹی تشکیل
آستانہ،اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے حوالے سے بڑا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت وزیر اعظم نے روس سے دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کے لئے ایک روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایات جاری کی ہیں اور جلد ہی پاکستان کا اعلی سطح کا وفد روس کا دورہ بھی کرے گا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ روس بھی متوقع ہے، حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اعلیٰ سطح کے وفد کی روس کے دورہ کی تیاریوں اور باہمی تعاون کے روڈ میپ کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے ،اس اعلی سطح کی کمیٹی میں 16 اراکین شامل ہوں گے جس کے سربراہ وفاقی وزیر برائے منصوبے بندی احسن اقبال ہوں گے
،کمیٹی کے دیگر اراکین میں بجلی ،تجارت ،پٹرولیم ،غذائی تحفظ اور ریاستی و سرحدی امور کے وفاقی وزرا شامل ہوں گے ،وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے اس کے علاوہ پاور ڈویژن،خزانہ ،فوڈ سکیورٹی ،تجارت ،پٹرولیم ،خارجہ امور، ریلوے ،صنعتوں وپیداوار اور منصوبہ بندی کی وزارتوں کے سیکرٹریز بھی اعلی سطح کمیٹی کا حصہ ہوں گے، کمیٹی توانائی ،تیل و گیس ،سٹیل ملز،زراعت ،سیاحت،ریلوے اور بینکاری کے شعبوں میں روس کے ساتھ دو طرفہ تعاون کا روڈ میپ تیار کرے گی اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کی وطن واپسی پر ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا جائیگا ،وزیرا عظم آفس کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ،وزارت منصوبہ بندی کمیٹی کے اجلاسوں کے لئے سیکرٹریٹ سپورٹ فراہم کرے گی ۔
Comments are closed.