اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خطرہ،الرٹ جاری
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی دارالحکومت سمیت بالائی علاقوں میں پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کے خطرہ کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیاگیا،محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آبادکے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ دیر، سوات، کشمیر اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی سیلابی صورت حال کے ساتھ طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، راولپنڈی، فیصل آباد اور پشاور میں اربن فلڈ نگ کا خدشہ ہے۔اسی طرح خیبرپختونخوا ہ کے پہاڑی علاقوں ، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات ہیں۔اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور بعض مقاما ت پرموسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کایہ بھی کہنا ہے کہ آج خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد،بالائی،وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اورکشمیر میں بارش کا امکان ہے جب کہ گلگت بلتستان اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔
مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، منڈی بہاو الدین، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، حافظ آباد، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، سرگودھا اورخوشاب میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش کا امکان ہے جبکہ پنجاب میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے جبکہ شام اوررات میں میانوالی، بھکر، لیہ، تونسہ، راجن پور، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، بہاولنگر اور بہاولپور میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم شام/رات میں کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ڑوب، بارکھان، کوہلو، شیرانی، موسیٰ خیل، خضدار اور گرد و نواح میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
Comments are closed.