برطانوی انتخابات میں لیبر پارٹی فاتح: رشی سونک نے شکست تسلیم کرلی، کئیر اسٹارمر وزیراعظم ہونگے

لندن (آن لائن) برطانیہ میں کنزرویٹو کا 14 سالہ دور اقتدار قبل ازوقت ہونے والے عام انتخابات میں لیبر پارٹی کی شاندار فتح کے بعد اختتام پذیر ہو گیا ۔ کامیابی کے بعدسر کئیر اسٹارمر نئے وزیراعظم بنیں گے۔ ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطابق عام انتخابات میں کنزرویٹو نے 120 اور لب ڈیم نے 71 نشستیں حاصل کی ہیں۔حکومت سازی کے لیے پارلیمنٹ کی 650 نشستوں میں سے 326 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور لیبر پارٹی 364 نشستیں حاصل کرکے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔بریڈفورڈ ویسٹ سے لیبر رہنما پاکستانی نڑاد ناز شاہ جیت گئیں جب کہ پاکستانی نڑاد لیبر رکن یاسمین قریشی تیسری مرتبہ اپنی سیٹ کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔برطانوی وزیرعظم رشی سونک نے انتخابات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے جب کہ رشی سونک نے سر کیئر اسٹارمر کو کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔ انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنے سپورٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کئیر اسٹارمر نے کہا کہ برطانیہ میں تبدیلی کا وقت آچکا ہے، ہمیں سیاست کو خدمت میں بدلنا ہے، سخت محنت کرکے ملک کوبحرانوں سے نکالیں گے، عوام نے تبدیلی کوووٹ دیا، عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

Comments are closed.