محرم ، پنجاب میں دفعہ 144نافذ، 7 سے 10محرم تک ڈبل سواری پر پابندی
لاہور(آن لائن) محرم الحرام میں سیکورٹی کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144نافذ کر دی جبکہ 7سے 10محرم الحرام تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے،محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کی سکیورٹی کے پیش نظر گائیڈ لائن جاری کر دیں۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکارڈبل سواری کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جبکہ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 7 سے 10 محرم الحرام تک ہوگااور ڈبل سواری کے علاوہ تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا۔محکمہ داخلہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر بھی پابندی ہوگی۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے مزید کہا ہے کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کوئی نئی اختراع نہیں ہوگی۔ مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوامی جذبات، عقیدوں اور فرقوں کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ کسی بھی ڈیوائس سے بین المذاہب، فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے ریمارکس پر دفعہ 144 نافذ کی گئی۔ عوام محکمہ داخلہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں اور محرم الحرام میں بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کیا جائے۔
Comments are closed.