9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کو بیرونی مدد حاصل تھی‘ راناثنااللہ کا انکشاف
لاہور (آن لائن) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ 9مئی کے واقعات میں پاکستان تحریک انصاف کو بیرونی مدد بھی حاصل تھی،اگر کابینہ نے فیصلہ کیا تو پی ٹی آئی کو بیرونی مدد کے ثبوت بھی پیش کیے جاسکتے ہیں۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9مئی کو ملک میں ہنگامہ آرائی اور افراتفری کے لیے پی ٹی آئی کو بیرونی مدد حاصل تھی۔پی ٹی آئی نے جو کچھ بھی کیا، اس کے لیے انہیں بیرونی فنڈنگ حاصل تھی، دشمن ممالک پی ٹی آئی کے ذریعے پاکستان میں افراتفری چاہتے ہیں، اگر کابینہ نے فیصلہ کیا تو پی ٹی آئی کو بیرونی مدد کے ثبوت بھی پیش کیے جاسکتے ہیں۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت نے اجازت نہیں دی کہ جیل میں سیاسی کانفرنسز، میٹنگز کریں، عمران خان کویہ اجازت نہیں ہے کہ وہ جیل میں رہ کر ایسی منصوبہ بندی کریں کہ باہر افراتفری ہو۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں سابق وزیراعظم نوازشریف پر بھی پابندی لگائی گئی تھی کہ وہ جیل میں کسی سے نہ مل سکیں۔اسلام آباد میں جلسہ کی اجازت نہ ملنے سے متعلق سوال پر وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے محرم کے آغاز میں جلسہ کرنے کا فیصلہ مناسب نہیں تھا، پی ٹی آئی سیاسی طور پر افراتفری کرنے کے لیے جلسہ کرنا چاہ رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ مقامی انتظامیہ کا معاملہ ہے اور وہ اس پر جوابدہ ہیں، یقینا ان کے پاس کچھ ایسی انٹیجلی جنس رپورٹس ہوں گی جس کی بنیاد پر انہوں نے جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا۔رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کا جلسہ کرنے کا کوئی ایک مقصد ہوتا ہے لیکن پی ٹی آئی کا مقصد صرف افراتفری پھیلانا ہے، کیا انہیں جلسے کی اجازت اس لیے دی جائے کہ وہ ایک اور 9 مئی کے ذریعے ریاست پر حملہ آور ہوں۔
Comments are closed.