پی ٹی آئی کا بانی چیئرمین کی ضمانت کی درخواستوں پر دیئے گئے عدالتی فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار
اسلام آباد (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین کی ضمانت کی درخواستوں پر دیئے گئے عدالتی فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست پر بدترین شخصی آمریت کا قبضہ اور جنگل کے قانون کا غلبہ ہے، ججوں کے جنگل راج کے قدموں میں ڈھیر ہونے کے بعد عمران خان کا انصاف اب قوم کے ذمے ہے اور قوم جلد اپنا فیصلہ سنائے گی، ان شاء اللہ۔ ترجمان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین تحریک انصاف 9 مئی کے جھوٹے اور جعلی مقدمات میں داخل کی گئی عبوری ضمانت کی درخواستوں کے اخراج پر ردعمل میں ایک بیان میں کہا کہ عدلیہ کا آئین اور جمہور مخالف قوتوں کے ظالمانہ شخصی ایجنڈے کے سامنے سرنگوں کرجانا ملک میں عدل و انصاف کی دردناک موت کا سب سے بڑا محرّک ہے،بانی چیئرمین عمران خان کی تمام جعلی و گھٹیا کیسز میں بریت کے بعد 9 مئی کے بوگس مقدمات میں ضمانت مسترد کروانے کا مقصد انہیں مزید ناحق قید رکھنا ہے
‘ترجمان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے من گھڑت کیسز کو بنیاد بنا کر گزشتہ ایک سال سے پروپیگنڈہ کرنے والے آج تک کسی عدالت میں عمران خان پر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے ایک بھی ثبوت پیش نہیں کرسکے، جنگل راج دھونس اور ترغیب کی دو دھاری تلوار سے ہماری عدلیہ کو اپنے اشاروں پر نچانے اور شہریوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے میں مصروف ہے۔ ترجمان نے کہا کہ آئین و انصاف کے ساتھ کھڑے ہونے والے ججز فردِ واحد کی قائم کردہ آمریت کے نشانے پر ہیں، آئین، قانون اور جمہوریت کے نام لیواؤں کو سماج کے ہر شعبے سے نکالنے اور نشانِ عبرت بنانے کے مکروہ سلسلے کی راہ نہ روکی گئی تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں،جھوٹے،بے بنیاد اور انتقام پر مبنی سینکڑوں سیاسی مقدمات سے جو اہداف حاصل نہیں ہوسکے وہ کینگرو عدالتوں کے مضحکہ خیز اور بدنام فیصلوں سے بھی حاصل نہ ہوپائیں گے، ججوں کے جنگل راج کے قدموں میں ڈھیر ہونے کے بعد عمران خان کا انصاف اب قوم کے ذمے ہے اور قوم جلد اپنا فیصلہ سنائے گی، ان شاء اللہ۔
Comments are closed.