190 ملین پاؤنڈ کیس ،وکلاء صفائی کے پیش نہ ہونے پر گواہان پر جرح کیلئے آخری وارننگ
راولپنڈی( آن لائن) احتساب عدالت کے جج نے 190 ملین پاونڈز کیس میں وکلائے صفائی کے پیش نہ ہونے پر گواہان پر جرح کیلئے آخری وارننگ دیدی،ریفرنس کی سماعت 30 جولائی تک ملتوی کر دی۔احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ کے روبرو 190 ملین پاونڈز اسکینڈل ریفرنس کی سماعت کی۔ جس میں سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی بابر سلیم بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دوست برطانوی شہری چالس گلاس ان کی بہنیں علیمہ خان، نورین خان و دیگر بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔
بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت کے دوران وکلائے صفائی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ جس کی وجہ سے 10 بجے شروع ہونے والی سماعت ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کی گئی۔معاون وکیل خالد یوسف چوہدری نے گیارہ بجے عدالت کو بتایا کہ سینئر وکلا راستے میں ہیں کچھ دیر میں پہنچ جائیں گے، تاہم عدالت نے وکلائے صفائی کو گواہان پر جرح کی آخری وارننگ دے دی۔بعد ازاں احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئے اور کیس کی سماعت 30جولائی تک ملتوی کر دی۔ریفرنس میں مجموعی طور پر 34 گواہان کے بیانات قلم بند کئے جا چکے ہیں اور مجموعی طور پر 33 گواہان پر جرح مکمل کی جا چکی ہے۔
Comments are closed.