ہم ایک دھرنے کو کئی دھرنوں میں تبدیل کریں گے،عوام کی طاقت کو کنٹینر لگا کر نہیں روکا جا سکتا،حافظ نعیم الرحمان
اسلام آباد( آن لائن ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کارکنان کو جہاں رکاوٹ ملے وہیں دھرنا دے دیں، ہم ایک دھرنے کو کئی دھرنوں میں تبدیل کریں گے،عوام کی طاقت کو کنٹینر لگا کر نہیں روکا جا سکتا، ہم پرامن رہنا چاہتے ہیں،تمام فسطائیت کے بعد بھی کارکنان کو کہتا ہوں کہ مینیج کریں اور دھرنے میں پہنچیں۔اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے آج ہونے والے دھرنے اور ملک بھر میں کریک ڈاون، کارکنوں کی گرفتاریوں اور قافلوں کو روکنے کے علاوہ رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آج دھرنے کیلئے بھرپور جوش سے ملک بھر سے قافلے روانہ ہو چکے ہیں۔
ہم پر امن لوگ ہیں اور پر امن رہنا چاہتے ہیں اس کی ذمے داری حکومت پر آتی ہے کے وہ کیسے امن قائم رکھتے ہیں؟ تمام نمائندگان کو کہتا ہوں جہاں رکاوٹ ملے وہیں دھرنا دے دیں ہم ایک دھرنے کو کئی دھرنوں میں تبدیل کریں گے۔کارکنان کو کہتا ہوں رکاوٹ کے آگے دھرنا دے کر قیادت کی کال کا انتظار کریں۔امیر جماعت نے کہا کہ ہم بتائیں گے کہ عوام کی طاقت کو کنٹینر لگا کر نہیں روکا جا سکتا۔ ہمیں بجلی کے بل کم چاہییں۔ ہم آئی پی پیز سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ عوام کو ریلیف نہیں مل رہا ہے، حکمرانوں کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ اس وقت اسلام آباد میں مختلف اضلاع کے افراد بڑی تعداد میں پہنچ چکے ہیں۔قیادت کی طرف سے متعین عارضی قیام کی اطلاع تمام صوبوں کو کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.