ارشد ندیم نے اپنے عزم و استقامت اور بہترین کارکردگی کے جذبے کے باعث یہ تمغہ جیتا۔ ارشد ندیم کا کارنامہ قومی فخر ہے،آرمی چیف جنرل عاصم منیر
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ،آئی ایس پی آر
راولپنڈی (آن لائن )آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے اپنے عزم و استقامت اور بہترین کارکردگی کے جذبے کے باعث یہ تمغہ جیتا۔ ارشد ندیم کا کارنامہ قومی فخر ہے۔ پوری قوم نے ارشد ندیم کو ان کے کارنامے کے مطابق نوازا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان کیلیے گولڈ میڈل جیتنے اور نیا اولمپک ریکارڈ بنانے پر ارشد ندیم کو سراہا اور ان کی کامیابی کو قومی فخر قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب منعقد کی گئی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کھلاڑیوں کی مکمل سپورٹ اور انہیں بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انھوں نے چیلنج پر قابو پانے اور کامیابی حاصل کرنے میں محنت اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خوشحال پاکستان کے مقصد کے حصول کے لیے نوجوانوں کی سپورٹ کیعزم کا اعادہ کیا اور کہا پوری قوم نے ارشد ندیم کو ان کے کارنامے کے مطابق نوازا ہے۔آرمی چیف نے محنت اور عزم کی اہمیت پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انھوں نے ارشد ندیم کے آغاز سے کامیابی کے حصول تک کے متاثر کن سفر پر روشنی ڈالی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر ارشد ندیم نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں 1984 اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والی ہاکی ٹیم، قومی کرکٹ ٹیم، سٹریٹ فٹبال ٹیم ،آرمی پولو ٹیم اور نابینا افراد کی خصوصی ٹیم نے بھی شرکت کی ۔خواتین کی گول بال ٹیم ، کامن ویلتھ گیمزمیں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں سیف اور ایشن گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء میں نامور کھلاڑی جہانگیر خان، اصلاح الدین، شہباز سینیئر ،سہیل عباس ، محمد آصف اور اعصام الحق قریشی بھی موجود تھے ۔ارشد ندیم کے اہل خانہ ساتھیوں اور کوچز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
Comments are closed.