190 ملین پاؤنڈ کیس،ریفرنس کے تفتیشی افسر پر چھٹی مرتبہ بھی جرح نہ ہو سکی

راولپنڈی (آن لائن) اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاوٴنڈ کے مالیاتی سکینڈل پر مبنی القادر ٹرسٹ ریفرنس کی سماعت ملزمان کے وکلا کی استدعا پر 21 اگست تک ملتوی کردی ہے جس کی وجہ سے نیب کے اہم گواہ اور ریفرنس کے تفتیشی افسر پر ہفتہ کے روز چھٹی مرتبہ بھی جرح نہ ہو سکی گزشتہ روز سماعت کے موقع پر دونوں ملزمان کے علاوہ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، امجد پرویز جبکہ ملزمان کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر، عثمان گل اور ظہیر عباس چوہدری میں پیش ہوئے اس موقع پر نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم بھی موجود تھے جن پر ملزمان کے وکلا نے جرح کرنا تھی تاہم ان پر جرح نہ ہوسکی ملزمان کے وکلا نے دوران سماعت نئی درخواست عدالت میں جمع کرادی

جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت نے نیب کی 23 اپریل 2020 کی بورڈ میٹنگ سے متعلق جو ہماری درخواست خارج کی تھی اسکو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں 19 اگست کو سماعت ہے آج کی سماعت ملتوی کی جائے جس پر نیب کے وکیل نے اعتراض کیا کہ ملزمان کے وکلا تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں چھٹی مرتبہ تفتیشی افسر پر جرح کرنے سے وکلائے صفائی عذر پیش کررہے ہیں، جس عدالت نے ملزمان کے وکلا کو آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی واضح رہے کہ اب تک ریفرنس میں 35 گواہوں کے بیان ریکارڈ ہو چکے ہیں جبکہ ملزمان کے وکلا نے 35 گواہان پر جرح کی کاروائی بھی مکمل کر لی ہے نیب نے اس ریفرنس میں 10 گواہان کے نام پہلے ہی واپس لے لئے ہیں قبل ازیں نیب نے 59 گواہوں کی فہرست ریفرنس کے ساتھ منسلک کی تھی تاہم 10 گواہوں کے نام ترک کرنے کے بعد اب یہ فہرست 49 گواہان پر مشتمل ہے۔

Comments are closed.