اسلام آباد جلسہ، تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے محمود اچکزئی کی زیر صدارت گرینڈ اپوزیشن قیادت کا اجلاس
اسلام آباد ( آن لائن ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئین کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کیلئے کوششیں جاری رہیں گی ،حکومت کے خلاف ملک گیر مہم کا جلد اعلان کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آبادمیں 22اگست کے جلسے کی تیاری کے حوالے سے گرینڈ اپوزیشن قیادت کا محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،شبلی فراز اور صاحبزادہ حامد رضا نے شرکت کی۔
اجلاس میں 22اگست کے اسلام آباد جلسے کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اجلاس کے شرکاء نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے بانی پی ٹی آئی سے متعلق تازہ فیصلے پر بھی غور کیا گیا اور شرکا نے پارلیمنٹ میں حکومت کے کردار پر تشویش کا اظہار کیا۔سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کاہ کہ پرامن جلسہ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، 22 تاریخ میں اسلام آباد میں عظیم الشان جلسہ ہوگا جس میں پورے ملک سے کارکنان شرکت کریں گے۔عمر ایوب نے کہا کہ امید ہے انتظامیہ ہمارے جلسے میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی،تحریک انصاف کے جلسے ہمیشہ پرامن رہے ہیں،پاکستان میں آئین کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کیلئے کوششیں جاری رہیں گی اور حکومت کے خلاف ملک گیر مہم کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
Comments are closed.