تحریک انصاف نے ترنول اسلام آباد کا جلسہ ملتوی کر دیا
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے ترنول میں شیڈول جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ، اسلام آباد انتظامیہ نے 8 ستمبر کو پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دیدی اور40شرائط پر مشتمل نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔، تحریک انصاف نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ اطلاعات تھیں کہ حکومت اس جلسے کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی ہے جس کی وجہ سے آج کا جلسہ ملتوی کیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود آج ترنول میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے بھی پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کے لیے جگہ جگہ کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دیے گئے تھے۔ اب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل سے جاری ہدایات کے مطابق آج کے جلسے کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے اطلاعات تھیں کہ حکومت اس جلسے کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی ہے ، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے تمام کارکنان کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلسے کی تیاری جاری رکھیں ۔ عمر ایوب، اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ہنگامی ملاقات کی جس میں آج کا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 22 اگست کا جلسے کا این او سی مذہبی جماعتوں کی احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سیکورٹی فراہم کرے گی تاہم جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کرینگے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لوگ شام چار بجے اکھٹے ہونگے اور 7 بجے جلسہ ختم کرنا ہوگا ۔ انتظامیہ کی جانب سے 40 ہدایات کیساتھ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
Comments are closed.