پولیس جوان بھائیوں اور بیٹوں کی مانند، حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے‘مریم نواز

رحیم یارخان (آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ پولیس کے جوان بھائیوں اور بیٹوں کی مانند ہیں، ان کی تکلیف کو اپنی پریشانی سمجھتی ہوں، حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں کچے میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان پہنچیں جہاں انہوں نے شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا۔ مریم نواز شریف نے کچے میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی زیر علاج پولیس اہلکاروں وسیم ارشد، بلال، فاروق، نبیل شہزاد، زاہد، سعید اور محمد ایوب کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے زخمی جوانوں کے والدین اور اہل خانہ سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر زخمی سپاہی بلال نے کہا کہ حوصلے بلند ہیں

، ٹھیک ہو کر پھر مقابلہ کریں گے، امن دشمنو ں سے لڑتے رہیں گے۔مریم نواز شریف نے پرعزم جوان بلال کو شاباش دی اور اسے قابل فخر قرار دیا، انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان بھائیوں اور بیٹوں کی مانند ہیں، ان کی تکلیف کو اپنی پریشانی سمجھتی ہوں، حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔وزیر اعلی پنجاب نے ہسپتال کے ڈاکٹر اور اسٹاف کی بھی بات سنی اور مسائل حل کرنے کی ہدا یت کی، اس موقع پر چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، ایڈیشنل آئی جیز، پولیس اور انتظامی حکام بھی مریم نواز کے ہمراہ موجود تھے۔

Comments are closed.