دہشتگردی کو ختم کرنے کا وقت آ گیا، ملک دشمنوں کیساتھ اب کوئی بات نہیں ہوگی، شہباز شریف

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ، وقت آگیا دہشت گردی کا جڑ سے قلع قمع کیا جائے ،ملک دشمنوں کے ساتھ اب کوئی بات نہیں ہوگی۔ پاک فوج کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل فراہم کریں گے۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے دہشتگردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے اور دہشتگردی کے اندوہناک واقعات پیش آئے انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے دہشتگردی کی حالیہ لہر میں 50 سے زائد پاکستانی شہید ہوئے، شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں نے بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، کوئی شک و شبہ نہیں کہ ٹی ٹی پی کے دہشتگرد افغان سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں،

بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی کے تازہ واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی غلط فہمی ہے کہ یہ اپنی دھاک بٹھا سکتے ہیں، ان کے مذموم مقاصد کا مقصد پاکستان کی ترقی کو روکنا ہے انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں چین اور پاکستان کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتی ہیں ہماری سکیورٹی فورسز کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کے حالیہ واقعات کو روکنا ضروری ہے، دہشتگردوں کے خلاف بہت موٴثر آپریشنز کئے گئے ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم پختہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی دہشت گردوں کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں، دہشتگردی کو ختم کرنے کا وقت آ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا افواج پاکستان کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل فراہم کریں گے، دہشتگردی کا ہر صورت خاتمہ کر کے دم لیں گے، پاک فوج اور قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے یکسو ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملک کر دہشتگردی کے عفریت کو ختم کریں گے، دشمنوں کو پہچان کر ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا، آئین پاکستان پر یقین کرنے والوں کیلئے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ ملک کے کس حصے کے لوگوں کو بسوں سے اتار کر شہید کیا گیا، اس کے بجائے یہ کہنا ملکی سالمیت کے حوالے سے مناسب ہوگا کہ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو شہید کیا، جلد بلوچستان کا دورہ کر کے مکمل جامع بات چیت کروں گا اور صورتحال کا جائزہ لے کر فی الفور اقدامات کئے جائیں گے۔

Comments are closed.