بانی پی ٹی آئی اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں پٹ رہے ہیں، بیر سٹر عقیل

اسلام آباد (آن لائن) مشیر برائے قانون و انصاف بیر سٹر عقیل نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں پٹ رہے ہیں ، تحریک انتشار اب تحریک اختلاف بن چکی ۔ نند بھاوج میں پارٹی پرقبضے کی جنگ سے نظر آرہا ہے کہ پارٹی اب چند دنوں کی مہمان بن گئی ہے ۔ کے پی کے میں پارٹی کی کارکردگی صفر ہے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اب کوئی حال نہیں رہا ۔ پارٹی اب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے ۔ ا ختلافات کھل کر سب کے سامنے آ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کے پی کے میں کارکردگی صفرہے ۔ گذشتہ بارہ سال سے صوبے میں لوٹ مار کی جا رہی ہے ۔ وزیر اعلی امین علی گنڈا پور بزدار ٹو ہیں ۔ انکی پرفارمنس زیرو ہے ۔

ان سے بس جتنی مرضی ہلڑبازی کروا لو ، ڈائلاگ بازی کروا لو اس میں کسی کو آگے نہیں نکلنے دیں گے لیکن کام کی طرف ان کا کوئی دھیان نہیں ہے ۔ اس پارٹی میں جو بھی کرپشن یا کرکردگی پر بولنے کی کوشش کرتا ہے اس کو عہدے سے فارغ کر دیا جاتا ہے جس کی مثال حالیہ عہدوں سیہٹائے جانے والے عاطف خان اور شیر علی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب تو پارٹی کا آپس کا خلفشار منظر عام پر آچکا ، یہ پارٹی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی۔ نند بھاوج کی پارٹی پر قبضے کی جنگ دیکھ کر لگ رہا ہے پا رٹی چند دنوں کی مہمان ہے ۔ پارٹی میں کئی فارورڈ بلاک بن چکے ۔ یہ اب آپس کے اختلافات چھپانے کے لئے کبھی عدالت اور کبھی الیکشن کمیشن کے پیچھے چھپ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا نند بھاوج کی لڑائی کی سٹار پلس کے ڈراموں سے بھی آگے نکل گئی ہے ۔ انکی لڑائی صرف حصول اقتدار کے لئے ہے ۔ حالت اس پارٹی کی یہ ہے کہ ان کا کارکن کو نسلر تک کے الیکشن نہیں لڑ سکتا ۔ شیر افضل کو دودھ سے مکھی کی طرح نکال دیا گیا ۔ انہوں نے کہا بشری اور علیمہ بانی پی ٹی آئی کو لے ڈوبیں گی ۔

Comments are closed.