بانی پی ٹی آئی کیساتھ 9 مئی واقعات پر معافی مانگنے تک مذاکرات نہیں ہوسکتے: احسن اقبال

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان سے اس وقت تک مذاکرات نہیں ہو سکتے جب تک وہ 9 مئی کے واقعات پر معافی نہیں مانگ لیتے۔پاکستان کو اس وقت غیر اعلانیہ جنگ کا سامنا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے وفاق اور صوبائی حکومتیں اخراجات پر نظرثانی کریں، آج کے ن لیگ اجلاس میں سستی بجلی کے لیے اصلاحات پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا آج کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک میں موٴثر بلدیاتی نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے، نواز شریف نے موجودہ بلدیاتی نظام میں اصلاحات کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں پارٹی کو مزید منظم کرنے کیلئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

عمران خان سے متعلق سوال پر انہوں کہا بانی چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں بڑی موج میں ہیں، وہ فائیو سٹار جیل کاٹ رہے ہیں، ہمیں بھی جیلوں میں ڈالا گیا لیکن ہم نے کوئی شکایت نہیں کی، یہ این آر او چاہتے ہیں جو ان کو نہیں ملے گا، انھیں اپنی بے گناہی ثابت کرنا ہو گی اور رسیدیں دکھانا ہوں گی۔ انہوں نے کہا بانی چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں اْسی سیل میں ہیں جہاں مجھے رکھا گیا تھا، ہم مخالفین سے وہ سلوک نہیں کرتے جو ہمارے ساتھ کیا گیا، بانی پی ٹی آئی سے اس وقت تک مذاکرات نہیں ہو سکتے جب تک وہ 9 مئی پر معافی نہ مانگیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کو اس وقت غیر اعلانیہ جنگ کا سامنا ہے، پی ٹی آئی نے بھارت کے ساتھ ملکر امریکا میں پاکستان مخالف قرارداد منظور کرائی۔

نواز شریف کے لندن جانے سے متعلق سوال پر سیکرٹری جنرل ن لیگ کا کہنا تھا نواز شریف کے لندن جانے کا پروگرام حتمی نہیں ہے، نواز شریف اگر لندن جائیں گے تو اپنے چیک اپ کیلئے جائیں گے، نواز شریف لندن گئے تو چیک اپ کرا کے واپس آجائیں گے۔

Comments are closed.