خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عہد کیا تھا کہ عوام کی پریشانیوں کو کم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھونگا‘وزیراعظم

اسلام آباد(آن لائن)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں اگست 2024 کے دوران مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے کے اعلان پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عوام سے عہد کیا تھا کہ انکی پریشانیوں کو کم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھونگا۔ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے‘ماہ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے‘گزشتہ تین برس میں مہنگائی کی کم ترین شرح کا سہرا حکومتی معاشی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افراط زر میں کمی وزارت خزانہ کی اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کی پیشگوئی کی عین مطابق ہے جس میں کیا گیا تھا کہ اگست 2024 میں افراط زر کی شرح 9.5 سے 10.5 فیصد کے درمیان رہے گی‘معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی قوم کیلئے خوشخبری سے کم نہیں‘ 2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجیٹ پر چھوڑ کر گئے تھے‘ 2018 سے آئندہ چار برس میں مجرمانہ غفلت اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ معیشت بد حالی کا شکار رہی، مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور عوام کیلئے پریشانی کے دور کا آغاز ہوا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا‘معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت نہ صرف معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے‘خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عوام سے عہد کیا تھا کہ انکی پریشانیوں کو کم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھونگا۔اللہ رب العزت کا بے پایاں کرم ہے کہ اپنے عہد کی تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ‘عام آدمی کی زندگی کو آسان اور اسکی معاشی خوشحالی کے بغیر پاکستان کی ترقی کے ہدف کا حصول ممکن نہیں۔

Comments are closed.