سی ٹی دی کے پنجاب کے مختلف شہروں میں آپریشن ،7دہشتگرد گرفتار

لاہور، بھکر، اٹک، وہاڑی، جھنگ میں کارروائیاں،فتنہ الخوارج کے 2انتہائی خطرناک دہشتگرد بھی گرفتار

لاہور (آن لائن) کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں آپریشن کے دوران 7دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا،گرفتار ہونے والوں میں فتنہ الخوارج کے دو خطرناک دہشتگرد بھی شامل ہیں۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردی کے خدشے کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں 129انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے، آپریشن کے دوران 7دہشتگردوں کو گرفتارکر لیا گیا، کارروائیاں لاہور، بھکر، اٹک، وہاڑی، بہاولپور اور جھنگ میں کی گئیں، لاہور اور بھکر سے فتنہ الخوارج کے 2انتہائی خطرناک دہشتگرد اسلحہ اور باروی مواد سمیت گرفتار کیے گئے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں سے دھماکا خیز مواد، 9ڈیٹونیٹر، 9فٹ حفاظتی فیوز وائر، گولیاں اور اسلحہ، 2آئی ای ڈی بم، موبائل فون، ممنوعہ پمفلٹ اور نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔گرفتار دہشتگردوں کی شناخت حیات اللہ، شین خان، محمد صدیق، ظہور احمد، اکرام خان، مبشر علی اور خان کے نام سے ہوئی، دہشتگرد مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔حکام کے مطابق رواں ہفتے میں 2943کومبنگ آپریشنز کے دوران257مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، کومبنگ آپریشنز میں 68537افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Comments are closed.