25 اکتوبر کو ملک بھر کے وکلا فائز عیسیٰ سے یوم نجات منائیں گے، حامد خان

لاہور (آن لائن) سینئر وکیل اور سینیٹر حامد خان نے کہا ہے کہ فائز عیسی نے جتنا نقصان عدلیہ اور آئین کو پہنچایا کسی نے نہیں پہنچایا، 25 اکتوبر کو ملک بھر کے وکلا فائز عیسی سے یوم نجات منائیں گے، جسٹس یحیی آفریدی حکومتی پیشکش قبول نہ کریں،اپنی باری پر چیف جسٹس بنیں اپنی عزت اور نام کو بچائیں۔ لاہور ہائی کورٹ بار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف کو نکالنے کا بدلہ پوری عدلیہ سے لیا جا رہا ہے، جن ججوں نے آپ کو نکالا تھا، وہ جاچکے ہیں ہم جسٹس یحیی آفریدی کو کہتے ہیں کہ آپ اچھے جج ہیں، اپنی باری پر چیف جسٹس بنیں آپ اس پیشکش کو قبول مت کریں، اپنی عزت اور نام بچائیں، تیسرے نمبر کے جج کو چیف جسٹس بنانے کا مقصد یہ ہے کہ عدلیہ کو آپس میں لڑایا جائے۔

حامد خان نے کہا کہ ملک خوف ناک صورت حال سے گزر رہا ہے، 20 اور 21 اکتوبر ملک کے چند سیاہ ترین دنوں میں سے تھا، اس دن آئین پر ڈاکا مارا گیا، آئین پر حملہ پر بہت بڑا حملہ ہے، یہ عدلیہ پر ایسے ہی بمبارڈمنٹ یے جیسے اسرائیل غزہ پر کر رہا ہے، ان کے نمبر بھی پورے نہیں تھے ایک بیمار شخص کو بھی لایا گیا ایک خاتون کو بھی لایا گیا جیسے غزہ کا سب کچھ اڑا دیا گیا یے ایسے ہی عدلیہ پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کے وکلا اس آئینی ترمیم کو مسترد کرتے ہیں، یہ آئینی نہیں آرمی ترمیم ہے کسی نے مجھے کہا پارلیمان از سپریم، میں نے کہا جی ایچ کیو از سپریم، ساری قوم نے دیکھا کہ پارلیمان میں موجود چہرے پارلیمانی نہیں ہیں، کون کہتا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم ہے، میں کہتا ہوں جی ایچ کیو سپریم ہے۔

سینئر وکیل حامد خان نے کہا کہ یہ ترمیم کارآمد نہیں ہے اسے تبدیل کرنا پڑے گا، اس سے پتا چلتا ہے کہ جو لوگ ترامیم کر رہے ہیں وہ کتنے جاہل لوگ ہیں، ہم نے وکلا تحریک کو آگے لے جانے کے لیے ایکشن کمیٹی بنالی ہے، ہم اس وقت تک کوشش کریں گے جب تک ان ترامیم کو واپس نہیں لیا جاتا، اگر یہ ترامیم قبول ہوجاتی ہیں تو ہمارے کالے کوٹ کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

Comments are closed.