بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کے سب سے زیادہ عسکریت زدہ علاقوں میں سے ایک میں بدل دیا
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کشمیر یوم ِسیاہ کے موقع پر پیغام
اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی افواج کا وحشیانہ جبر برداشت کر رہے ہیں، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کے سب سے زیادہ عسکریت زدہ علاقوں میں سے ایک میں بدل دیا‘ عالمی برادری بھارت پر دبا ڈالے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے، بھارت کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔مقبوضہ کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ کے موقع پر پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جنوبی ایشیا کی تاریخ میں ایک سیاہ باب ہے
، آج کے دن بھارت نے جموں و کشمیر پر قبضے کے لیے فوج کشی کی،کئی دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی افواج کا وحشیانہ جبر برداشت کر رہے ہیں، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کے سب سے زیادہ عسکریت زدہ علاقوں میں سے ایک میں بدل دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اب تک ہزاروں بے گناہ کشمیری شہید ہو چکے ہیں، کشمیریوں کی اصل قیادت پابند سلاسل ہے، میڈیا کو بڑے پیمانے پر سنسر کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوام متحدہ کی سلامتی کونسل بارہا منصفانہ، غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت کی توثیق کر چکی،
بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی، کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کرتا آیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت نے اپنے اقدامات سے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو مزید مستحکم کیا، بھارتی کارروائیاں کشمیریوں کی تحریک ِآزادی دبانے، بھارتی تسلط مضبوط کرنے کی وسیع تر حکمت ِعملی کا حصہ ہیں، جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اپنی آزادی کی جدوجہد پر قائم ہیں، ہم بھارت کے جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ مشرق ِوسطی میں ہونے والی حالیہ پیش ِرفت واضح یاد دہانی ہے کہ دیرینہ تنازعات کو حل طلب نہیں رہنا چاہیے
، بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیاں اور تنازعات کو نظر انداز کرنا دیرپا امن کی ضمانت نہیں، کشمیریوں کی تین نسلیں عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کی جانب سے حق ِخودارادیت دلانے کی منتظر ہیں، دنیا اب اپنی ذمہ داری کو مزید نظر انداز نہیں کر سکتی، عالمی برادری بھارت پر دبا ڈالے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے، بھارت اقوام ِمتحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے، پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے حق ِخود ارادیت کے حصول تک کھڑا رہے گا۔
Comments are closed.