مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت درخواست دائر

اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلہ پرالیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال عمل نہ کیے جانے کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست دائرکردی گئی ہے۔توہین عدالت کی درخواست سلمان اکرم راجہ نے دائر کی۔درخواست میں الیکشن کمیشن کے ممبران کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں موقف اختیارکیا گیاہے کہ الیکشن کمیشن کو فوری فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دیا جائے، کمیشن ممبران کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے دو بار تفصیلی طور پر اگاہ کرنے کے باوجود بھی الیکشن کمیشن نے ابھی تک سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں کیا ہے‘ سپریم کورٹ نے دو بار وضاحتیں بھی جاری کی ہیں اور اس میں کہا گیا ہے کہ فوری طور پر عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے اور الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل 189 کے تحت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا پابند ہے

تاہم اب تک صورتحال یہ ہے کہ مخصوص نشستوں کے مقدمے میں اتنا وقت گزرنے کے باوجود بھی الیکشن کمیشن بہا نے بازیاں اختیار کیے ہوئے ہیں اور ابھی تک سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درامد نہیں کر رہا ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان سے استدعا ہے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے اور اسے حکم دیا جائے کہ فوری طور پر مخصوص نشستوں کے معاملے میں عدالتی حکم کے مطابق عمل درامد کیا جائے۔ یہ بھی یاد رہے کہ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں آٹھ ججز نے مخصوص نشستوں کے معاملے میں الیکشن کمیشن کو حکم جاری کیا تھا جبکہ پانچ ججز نے اس فیصلے کی مخالفت کی تھی سپریم کورٹ کے 8ججز نے اپنے حکم نامے میں الیکشن کمیشن کو حکم دیا تھا کہ وہ پی ٹی ائی کو وفاق اور صوبوں میں مخصوص نشستیں الاٹ کرے۔

Comments are closed.