آرمی چیف سے روسی نائب وزیر دفاع کی ملاقات،دفاعی و سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار
روس کے ساتھ روایتی دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے‘جنرل عاصم منیر
راولپنڈی (آن لائن)پاکستان اور روس نے دفاعی و سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ روایتی دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے روس کے نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومن نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیازملٹری ) سے منگل کو جنرل ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سلامتی تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاکستان نے روس کے ساتھ روایتی دفاعی تعاون بڑھانے کا عزم کر رکھا ہے۔دونوں فریقوں نے سلامتی ودفاعی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ کرنل جنرل فومن نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کے قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور اسے ناگزیر قرار دیا۔
Comments are closed.