سپیکر قومی اسمبلی نے اراکین اسمبلی کے 5نام جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو بھجوا دیئے
شیخ آفتاب احمد،عمر ایوب،سینیٹر فاروق ایچ نائیک ،سینیٹر شبلی فراز اورمس روشن خورشید بروچہ کا نام شامل
اسلام آباد (آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تقرری کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے پانچ اراکین پارلیمنٹ کے نام جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو بھجوا دیئے ہیں جس میں حکومت اور اپوزیشن کو برابر کی نمائندگی دی گئی ہے ،ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری کو ایڈوائزر قانون سازی محمد مشتاق کی جانب سے خط بھجوا دیا گیا جو کہ جوڈیشل کمیشن کی سیکرٹری کو موصول بھی ہوگیا ہے ۔اس خط میں آئین کے آرٹیکل 175 اے کی شق 2 کے مطابق حکومت اور اپوزیشن بنچوں سے برابر کی نمائندگی کو سامنے رکھتے ہوئے نام بھجوائے گئے ہیں ۔
قومی اسمبلی سے حکمران جماعت کی جانب سے شیخ آفتاب احمد جبکہ اپوزیشن کی طرف سے قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا نام بھجوایا گیا ہے ،سینیٹ سے حکومت کی طرف سے سینیٹر فاروق ایچ نائیک جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹر شبلی فراز کے نام بھجوائے گئے ہیں جبکہ خاتون نشست کے لئے مس روشن خورشید بروچہ کا نام بھجوایا گیا ہے ۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق 26 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں پانچ اراکین پارلیمنٹ کو شامل کیا گیا جس میں 2 کا تعلق حکومت اور 2 کا اپوزیشن جبکہ ایک خاتون بھی شامل ہیں ۔تمام نامزدگیاں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اور سپریم کورٹ کو موصول ہوگئیں ہیں ۔
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نام بھجوانے سے قبل چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور تمام پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کی ان سے نام مانگے اور نام موصول ہونے کے بعد آئین کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تمام پانچ نام جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو مزید کارروائی کے لئے بھجوا دیئے گئے ہیں ۔
Comments are closed.