پشاور (آن لائن) گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا خیبرپختونخواہ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے ۔ اس معاملے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا ہے ۔وفاق اور صوبائی حکومت کو مل کر اس مسلے کا حل نکالنا ہو گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا کے پی کے میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے اور صوبائی حکومت خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایشو اتنا سنگین ہے کہ وفاق کو بھی اسے فوری سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے ۔ وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ میں اس ایشو کو زیر بحث لانا چاہیے ۔
اس سلسلے میں وزیر اعظم کو خط لکھ دیا ہے ۔ سیاسی اختلافات ایک طرف بحث و مباحثہ وقت کا تقاضا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیات آباد میں آگ لگی تو صوبائی حکومت کی طرف سے کچھ نہیں کیا گیا ، جنوبی اضلاع میں شہادتیں ہو رہی ہیں لیکن ہمارے وزیراعلی کو کوئی پراو ہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے میدان ہیں اور حکومت کچھ نہیں کررہی ۔ ہم کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائیں گے ۔ تاہم کھیلوں کے فروغ میں سب بڑی رکاوٹ دہشتگردی ہے ۔ دہشتگردی کے خوف سے باہرسے بھی کھلاڑی یہاں آنا پسند نہیں کرتے ۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کے علاوہ صحت ، تعلیم اور مہنگائی کے مسائل بھی ہیں تاہم حکومت کی تمام تر توجہ دوسرے صوبوں پر تنقید پر ہونے کے باعث عوام کی بہتری کے لئے کچھ بھی نہیں ہو رہا ۔ ہمارا صوبہ معدنیات اور دیگر وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود ترقی سے محروم ہے ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ صنعتکاروں کو سپورٹ کریں ۔
Comments are closed.