راولپنڈی (آن لائن) سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کے دوسرے ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک بار پھر 5 نومبر تک موخر کر دی ہے‘وکلا نے دونوں ملزمان کی بریت کی درخواستیں دائر کر دیں۔ عدالت نے ملزمان کی جانب سے دائر بریت کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں آئندہ تاریخ پر درخواستوں پر وکلا دلائل دیں گے۔ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر سابق چیئرمین کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ شریک ملزمہ بشریٰ بی بی بھی کیس کی سماعت کے لئے اڈیالہ جیل آئیں۔
اس موقع پر ملزمان کے وکلا سلمان اکرم راجہ، سلمان صفدر اور عثمان گل نے وکالت نامے جمع کروائے گزشتہ روز ملزمان پر فرد جرم عائد ہونا تھی تاہم وکلا نے دونوں ملزمان کی بریت کی درخواستیں دائر کر دیں جس پر ایف ائی اے کے وکیل ذوالفقار عباس نقوی نے بریت کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ جان بوجھ کر فرد جرم عائد نہیں ہونے دی جا رہی ‘ بریت کی درخواست دائر ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کیس پر سماعت نہ ہو سکے تاہم عدالت نے درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔پانچ نومبر کو عدالت بانی پی ٹی ائی اور بشری بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کرے گی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت پانچ نومبر تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed.