خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 6 خارجی دہشت گرد ہلاک

پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت کے ساتھ موثر بارڈر مینجمنٹ کا مطالبہ کر رہا ہے ‘توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی، آئی ایس پی آر

شمالی وزیرستان (آن لائن)خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 6 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 3 اور 4 نومبر کی رات خیبر پختون خوا میں دو کاروائیوں میں 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسلی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔دو سلی میں سکیورٹی فورسز کی کاروائی میں احمد شاہ عرف انتظار نامی خارجی دہشت گرد مارا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی ۔جنوبی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کے قریب خارجی دہشت گردوں کا گروہ در اندازی کی کوشش کر رہا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کی جانب سے در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔در اندازی کی کوشش کرنے والے 5 خارجی دہشت گرد جہنم واصل، 3 زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت کے ساتھ موثر بارڈر مینجمنٹ کا مطالبہ کر رہا ہے ‘توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔پاکستان توقع رکھتا ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی سرزمین کو خارجی دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف کاروائیوں کے لئے استعمال ہونے سے روکے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

Comments are closed.