کوئی سیاسی لیڈر یا سیاسی جماعت پاکستان سے بڑی نہیں، عطا اللہ تارڑ

ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں ، میڈیا سے گفتگو

لاہور(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی سیاسی لیڈر یا سیاسی جماعت پاکستان سے بڑی نہیں، ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ فراغ دلی کا مظاہرہ کیا۔ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں ۔ شاعر مشرق کے یوم ولادت پر انہوں نے لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ نفرت اور انتشار پیدا کر کے بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ اچھا تعلق رکھنے کے خواہاں رہے ہیں۔کوئی بھی سیاسی جماعت ملک سے بڑی نہیں ۔ انہوں نے کہا آج افکار اقبال پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، کلام اقبال مسلم امہ کو متحد کرنے کا ایک ذریعہ ہے، اقبال کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا جذبہ بیدار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں فلاں نہیں تو پاکستان نہیں، ان کے لیے کشمیر اور فلسطین کا معاملہ کوئی اہمیت نہیں رکھتا، آج فلسطین، غزہ کے حالات پر زیڈ گولڈ اسمتھ کے ٹوئٹ کی کسی نے مذمت نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے چاہتے تھے کہ ملک ڈیفالٹ کرجائے، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ انہوں نے کہا ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں ۔

Comments are closed.