بابا گرو نانک دیو جی کی سالگرہ کی تقریبات اختتام پذیر

لاہور (آن لائن) ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک دیو جی کی سالگرہ کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔ اس اہم مذہبی موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ کمیونٹی کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک، پنجاب اسمبلی کے اقلیتی ممبران اور ممبران پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی بھی اس روحانی تقریب میں شریک ہوئے۔تقریب کے دوران گوردوارہ جنم استھان سے نگر کیرتن نکالا گیا، جو گوردوارہ کیارہ صاحب سے ہوتا ہوا جنم استھان پر اختتام پذیر ہوا۔ نگر کیرتن میں دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔

یاتریوں میں امریکہ، برطانیہ، انگلینڈ اور بھارت سے خصوصی طور پر آئے ہوئے افراد شامل تھے۔ سکھ یاتریوں نے اس موقع پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جو تقریب کو مزید یادگار بنانے کا باعث بنی۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے ڈی سی ننکانہ صاحب اور دیگر متعلقہ افسران کو سروپے پہنائے اور انتظامات پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے عہدیداران کی بھی بھرپور ستائش کی۔اس موقع پر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اس مرتبہ ننکانہ صاحب میں تاریخی انتظامات کیے گئے ہیں اور تمام منتظمین کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھ یاتری اب مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے مختلف گوردواروں کا دورہ کریں گے، جہاں ان کے لیے تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

Comments are closed.