حکومتی اقدامات کے معیشت پر مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں ، وزیر خزانہ

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے معیشت پر مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں ،مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے ، معیشت کی بہتری کے لئے مقررہ اہداف حاصل کریں گے ، کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جو ملک کے مفاد میں نہ ہو ، آئی ایم ایف سے بات چیت مثبت رہی کوئی بات ڈھکی چھپی نہیں ،ہمیں ماحول کو بہتر کرنے کے لئے ایک چارٹر پر آنا ہو گا ،ٹیکس ریونیو بڑھانے کے لئے سب کو اپنا حصہ دینا ہو گا ، ٹیکسز میں تنخواہ کار طبقے کی طرح اب ریئل اسٹیٹ کو شامل ہونا ہوگا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں سے رابطہ رہتا ہے، پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں جا رہی ہے

، مہنگائی اور شرح سود میں بتدریج کمی آ رہی ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے 14 ماہ میں خسارہ سرپلس میں لانا خوش آئند ہے، ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے، مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف عنقریب معاشی روڈ میپ عوام سے شیئر کریں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم نے گزشتہ ہفتے پاکستان کا دورہ کیا جس کا خیرمقدم کرتے ہیں، ملک میں میکرو اکنامک استحکام کو مزید آگے لے کر جائیں گے، واضح کرتا ہوں یہ آئی ایم ایف کے سپورٹ کے ساتھ پاکستان کا پروگرام ہے، آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی باتیں ڈھکی چھپی یا نئی نہیں ہیں، آئی ایم ایف وفد کے ساتھ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر بات چیت ہوئی، معیشت کی بہتری کیلیے تمام اہداف کو حاصل کریں گے، ملک کے تمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔محمد اورنگزیب کہتے ہیں کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جا رہا ہے، معیشت کی بہتری کیلیے تمام سیکٹرز نے اپنا کردار ادا کرنا ہے، چاروں وزرائے اعلیٰ نے معیشت کی بہتری کیلیے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، سکولوں سے باہر بچوں میں سب سے زیادہ تعداد بچیوں کی ہے، ملک کے مستقبل کیلیے بچوں کی بہتر نشونما کیلیے کردار ادا کرنا ہوگا، امریکہ میں موڈیز اور فچ سمیت مختلف ایجنسیوں سے مثبت بات چیت ہوئی، پاکستان کو چارٹرڈ آف اکانومی کی طرح چارٹرڈ آف انوئرنمنٹ کی ضرورت ہے۔

Comments are closed.