50فیصد سے زائد ووٹ لینے والے امیدواروں کو کامیاب قرار دینے کی درخواست خارج ،20 ہزار جرمانہ عائد

جرمانہ100 ارب کر دیں تا کہ ملک کا قرضہ بھی اتر سکے،درخواست گزار،آپ کی اتنی حیثیت نہیں،جسٹس امین الدین

اسلام آباد( آن لائن)سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے الیکشن میں 50فیصد سے زائد ووٹ لینے والے امیدواروں کو کامیاب قرار دینے کی درخواست خارج کرتے ہوئے درخواستگزار کو 20ہزار روپے جرمانہ کردیا۔جبکہ آزاد امیدواروں کو سیاسی جماعتوں میں شمولیت کا پابند بنانے سے متعلق اپیل غیر موثر ہونے کی بناپرنمٹادی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں پر کامیاب امیدوار کا فیصلہ ہوتا ہے،کس آئینی شق کے تحت الیکشن میں 50فیصد ووٹ لینا لازمی قرار دیا جائے؟ووٹرز ووٹ ڈالنے نہ جائیں تو کیا ہو سکتا ہے؟جسٹس عائشہ ملک نے کہاکہ پہلے بتایا جائے درخواستگزار کو کونسا بنیادی حق متاثر ہوا ہے؟آئین کی کن شقوں کی خلاف ورزی ہو رہی ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ اگر نیا قانون بنوانا ہے تو سپریم کورٹ کے پاس اختیار نہیں،درخواستگزار نے کہاکہ ہماری زندگی کا فیصلہ پارلیمنٹ کرتی ہے،جسٹس امین الدین نے کہاکہ زندگی کا فیصلہ تو پارلیمنٹ نہیں کرتی،جسٹس مسرت ہلالی نے کہاکہ تمام لوگوں کو ووٹ کا حق ہے،پولنگ کے دن لوگ ٹی وی دیکھتے ہیں ووٹ ڈالنے نہیں جاتے،ووٹرز ووٹ نہ ڈالیں تو یہ ووٹرز کی کمزور ہے۔جسٹس مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے فروری 2024کے الیکشن میں ووٹ کاسٹ کیا، درخواستگزار نے کہاکہ الیکشن میں اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا، جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ آپ پھر آئین کی توہین کررہے ہیں،آئینی بنچ نے بے بنیاد مقدمہ بازی پر درخواست گزار پر 20ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔درخواستگزار نے کہاکہ جرمانہ کم از کم 100ارب تو کریں تاکہ ملک کا قرضہ کم ہو،جسٹس امین الدین خان نے کہاکہ 100ارب کا جرمانہ دینے کی آپ کی حیثیت نہیں۔جبکہ آزاد امیدواروں کو سیاسی جماعتوں میں شمولیت کا پابند بنانے سے متعلق اپیل غیر موثر ہونے کی بناپرنمٹادی۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی،درخواست گزار مولوی اقبال حیدر ویڈیو لنک کے زریعے پیش ہوئے ان سے جسٹس امین الدین خان نے کہاکہ آپکو عدالتی احاطے میں اجازت دی، یہ آپکے کیلئے کافی ہے، اس پر مولوی اقبال حیدرنے کہاکہ یہ معاملہ طے ہو چکا ہے، میری درخواست غیر موثر ہوچکی، آئینی بنچ نے درخواست غیر موثر ہونے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

Comments are closed.