پنجاب میں حالات دیگر صوبوں سے بہتر،کرپشن ریڈ لائن، میرٹ معاملے پر کسی کی نہیں سنتی،مریم نواز

لاہور (آن لائن) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں حالات دیگر صوبوں سے بہتر ہیں، کرپشن ریڈ لائن، میرٹ معاملے پر کسی کی نہیں سنتی، حکومتوں کو کام نہیں کرنے دیا جاتا، ہم چور ڈاکو پکڑتے ہیں مگر وہ عدالتوں سے چھوٹ کر آجاتے ہیں۔جمعہ کو نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں مجموعی حالات باقی صوبوں سے بہتر ہیں، یہاں کوئی بھی تعیناتی سفارش پر نہیں ہوئی، میرٹ کے معاملے پر کسی کی نہیں سنتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کم اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں

سٹاک مارکیٹ نے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، آئی ٹی ایکسپورٹ بھی بڑھ رہی ہیں، مہنگائی کنٹرول کرنا مشکل کام ہے تاہم 38فیصد سے 7فیصد پر آنا بڑا کام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سموگ جلد کنٹرول کرنا چاہتے ہیں، حکومتی اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان اولین ترجیح ہے تاہم دہشتگردی کے خطرات رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر کو سیف سٹی بنائیں گے، ہر جگہ پنک بٹن لگائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کرپشن میری ریڈ لائن ہے، 15کروڑ عوام کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب کرنے والا ہر کام میری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو کام نہیں کرنے دیا جاتا، ہم چور ڈاکو پکڑتے ہیں مگر وہ عدالتوں سے چھوٹ کر آجاتے ہیں۔اس موقع پر شرکاء نے مریم نواز کو سپر سی ایم کا خطاب دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں آکر لگا اندھیرے سے روشنی میں آگئے ہیں۔

Comments are closed.