سانحہ نو مئی ‘جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت‘بانی پی ٹی آئی ، شاہ محمود ودیگر پرفرد جرم کی کارروائی پھرموخر کر دی گئی
راولپنڈی(آن لائن) سانحہ نو مئی ‘جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی ، شاہ محمود ودیگر پرفرد جرم کی کارروائی پھرموخر کر دی گئی،وکلاء صفائی کا موقف ہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ دہشت گردی کا کیس نہیں بنتا، سماعت آج منگل تک ملتوی کر دی گئی۔ انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ سمیت 120 ملزمان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کاروائی ایک بار پھر موخر کر دی ہے عدالت نے ملزمان کے وکلا کی جانب سے دائر ضمنی درخواست پر سماعت آج (بروز منگل) تک ملتوی کردی ہے فریقین کے وکلا درخواست پر دلائل دیں گے۔
گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر سابق چیئرمین کے علاوہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو لاہور سے اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع فریقین کے وکلا بھی موجود تھے ملزمان کے وکلا نے مقدمہ میں عائد انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات اور ان پر عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کردیا اس ضمن میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 23 کے تحت دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اس مقدمہ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے عائد کی گئی ہے جس کا کوئی جواز نہیں بنتا اور اسی اعتبار سے یہ عدالت اس مقدمہ کی سماعت کا اختیار نہیں رکھتی عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے سماعت آج بروز منگل تک ملتوی کردی جہاں فریقین کے وکلا درخواست پر دلائل دیں گے یاد رہے کہ پولیس کی جانب سے عدالت میں پیش کئے گئے چالان میں حملے کا اصل محرک تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کے علاوہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور، سابق وفاقی وزراء اور تحریک انصاف کی مرکزی، صوبائی اور مقامی قیادت کو قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئی ٹی لیب سے سوشل میڈیا پر جاری آڈیو ویڈیو پیغامات، جی ایچ کیو کی جیک برانچ سے حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ڈیوٹی پر تعینات فوجیوں کے بیانات کی روشنی میں ناقابل تردید شواہد کے ساتھ چالان مرتب کیا گیا ہے چالان کے مطابق تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کے سوشل میڈیا پر بیانات نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو فوج کے خلاف اشتعال دلایا کہ کارکنان ہر ممکن غیر قانونی اقدام اٹھائیں اور جتھوں کی صورت میں ایسی کاروائی کریں کہ اعلیٰ عسکری قیادت اور وفاقی و صوبائی حکومت استعفیٰ دینے پر مجبور ہوجائے اس طرح ملکی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی سیاسی جماعت نے کالعدم تحریک طالبان اور اس جیسی دہشت گرد تنظیموں کی طرح ریاستی و عسکری اداروں پر مکمل کوآرڈی نیشن کے تحت ٹارگٹڈ حملے کئے جس کے ناقابل تردید شواہد پیمرا، ایف آئی اے اور دیگر ذرائع سے حاصل کئے گئے چالان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کے سوشل میڈیا پر بیانات نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو فوج کے خلاف اشتعال دلایا کہ کارکنان ہر ممکن غیر قانونی اقدام اٹھائیں اور جتھوں کی صورت میں ایسی کاروائی کریں کہ اعلیٰ عسکری قیادت اور وفاقی و صوبائی حکومت استعفیٰ دینے پر مجبور ہوجائے جس سے 9 مئی کا سانحہ رونما ہوا۔
Comments are closed.