انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 32 ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیدیا

اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے شناخت پریڈ پر بھیجے گئے بتیس ملزمان کو مقدمات سے ڈسچارج کر دیا۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ملزمان کی ہتھکڑیاں کھلوا کر رہا کرنے کا حکم دیا اور پولیس کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وارننگ دی کہ اگر دوبارہ گرفتار کیا تو پولیس والوں کو ہتھکڑی لگوا دوں گا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں تھانہ مارگلہ اور تھانہ آئی نائن کے مقدمات میں گرفتار بتیس ملزمان کو رات گئے جہلم جیل سے پیش کیا گیا۔ عدالت نے شناخت پریڈ نہ ہونے اور پولیس کے ناقص دلائل پر تمام ملزمان کو مقدمات سے ڈسچارج کر دیا۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پولیس کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا اور ملزمان کی ہتھکڑیاں کھلوا کر رہا کرنے کا حکم دیا۔ وکیل صفائی انصر کیانی نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے نمبرز پورے کرنے کے لیے مزدوروں کو گھروں سے اٹھا کر مقدمات میں ڈال دیا۔ پولیس نے عدالت سے ملزمان کے تیس دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جو عدالت نے مسترد کر دی۔

Comments are closed.