اسرائیلی فوج کو موسم سرما گولان کی پہاڑیوں کے ’بفر زون‘ میں گزارنے کا حکم جاری

تل ابیب (آن لائن)اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ گولان کی پہاڑیوں پر اقوام متحدہ کے گشت والے ’بفر زون‘ میں موسم سرما گزارنے کے لیے تیار رہے۔ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ اتوار کو اسرائیلی فوج نے شام کے صدر بشار الاسد کا اقتدار ختم ہونے کے چند گھنٹوں بعد اسٹریٹجک اہمیت کی حامل سطح مرتفع کے غیر فوجی علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔اسرائیل کے اس اقدام کی اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئی تھی

، تاہم اسرائیل کے قریبی اتحادی امریکا نے جمعرات کو کہا تھا کہ یہ اسرائیل کے دفاع کے حق کے ’عین مطابق‘ ہے۔عالمی امن فوج (یو این ڈی او ایف) نے جمعہ کے روز ایک بیان میں اسرائیل کو مطلع کیا کہ وہ 1974 کے انخلا کے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جس میں شام اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے دوران بفر زون تشکیل دیا گیا تھا۔بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد سے اسرائیلی فوج نے شامی فوجی تنصیبات پر سیکڑوں حملے کیے ہیں، جن میں کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیروں سے لے کر فضائی دفاع تک ہر چیز کو نشانہ بنایا گیا ہے تاکہ انہیں باغیوں کے ہاتھوں میں جانے سے روکا جا سکے۔اسرائیل کی جانب سے بفر زون میں فوج کی یہ تعیناتی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب اسرائیلی افواج، جنوبی لبنان سے انخلا کر رہی ہیں اور غزہ پر حملے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ شام کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ہرمون پہاڑ کی چوٹی پر اپنی موجودگی برقرار رکھنا انتہائی اہم اور سکیورٹی اہمیت کا حامل ہے، مشکل موسمی حالات کے باوجود اپنے جنگجوؤں (اسرائیلی فوجیوں) کو وہاں رہنے کے قابل بنانے کی غرض سے تیاری یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے اپنے دفاع کے لیے بفر زون پر قبضہ کیا ہے۔

Comments are closed.