راولپنڈی (آن لائن) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں ایک اور ملزم پر فرد جرم عائد کر دی ہے عدالت نے میجر (ر) لطاسب ستی کی جانب سے عمرہ کی اجازت کی درخواست نامکمل دستاویزات پر خارج کردی۔ عدالت نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی جانب سے مقدمہ کے شواہد و فوٹیج ریکارڈ کی فراہمی کی درخواستیں فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد خارج کردیں جبکہ عمر ایوب کی 3 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست سمیت مقدمہ کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی گزشتہ روز سماعت کے موقع پر مقدمہ میں نامزد سابق رکن قومی اسمبلی بلال احمد پر انکے پلیڈر کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی اس طرح 119 ملزمان میں سے مجموعی طور پر 117 ملزمان پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے جبکہ عدالت نے رہ جانے والے دونوں ملزمان کو طلب کرلیا ہے عمر ایوب کے وکیل ڈاکٹر اعوان کی جانب سے تھانہ حسن ابدال میں درج 3 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر عمر ایوب کی عدم دستیابی کی وجہ سے سماعت نہ ہو سکی عمر ایوب نے مقدمات کا آڈیو ویڈیو ریکارڈ، ماہرین کی رپورٹ، صداقت عباسی اور واثق قیوم کے اقبالی بیان کی نقول کی فراہمی کے لئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265 سی کے تحت درخواست دائر کی جسے خارج کر دیا گیا اور عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت 6 فروری تک ملتوی کردی دریں اثنا عدالت نے سابق ایم پی اے لطاسب ستی کی جانب سے عمرہ پر جانے کی درخواست مطلوبہ کوائف مکمل نہ ہونے پر خارج کردی ہے۔
Comments are closed.