شہید بینظیر بھٹو کی زندگی جراَت، استقامت اور لاکھوں پاکستانیوں کے لیے امید کی علامت تھی،بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید بینظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت کے موقع پر ان کی بے مثال قربانیوں، غیر متزلزل قیادت اور پاکستان کے لیے ان کی پائیدار میراث کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ے کہ شہید بینظیر بھٹو کی زندگی جراَت، استقامت اور لاکھوں پاکستانیوں کے لیے امید کی علامت تھی، جو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن سے گہرائی سے جڑی تھی، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو صرف ایک سیاسی شخصیت نہیں تھیں بلکہ مظلوم، محکوم اور پسماندہ طبقات کے لیے امید کی کرن تھیں۔ مساوات اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے والد کے وژن سے ان کی غیر متزلزل وابستگی ہم سب کے لیے ایک تحریک ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح، وہ عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں اور مزدوروں، کسانوں اور پسماندہ طبقات کو قومی ترقی کی بنیاد سمجھتی تھیں۔ ان کی مصالحت، مشاورت اور مختلف نقطہ نظر کو سمجھنے کی فلسفیانہ سوچ نے ایک جدید اور روشن پاکستان کی بنیاد رکھی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں ہر شہری کو برابری کے مواقع اور وسائل تک رسائی حاصل ہو، چاہے ان کا پس منظر کچھ بھی ہو۔ ہم ان کے انسانی آزادی اور جمہوری اقدار کے فلسفے پر عمل پیرا ہیں اور دہشت گردی، انتہا پسندی اور پاکستان کے استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی قوت کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ چیئرمین نے بین الاقوامی مسائل، بشمول فلسطین اور کشمیر کے حل طلب معاملات پر بھی اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم تھیں، اور ان کی مدبرانہ قیادت عالمی چیلنجوں سے نمٹنے اور مظلوم قوموں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے میں ایک رہنما اصول کے طور پر کام کرتی ہے۔ ہم ان اہم اشوز پر اپنے مؤقف پر ثابت قدم ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیا کہ وہ جمہوریت اور آئینی حکمرانی کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی استقامت اور اپنی ذات کو بھول کر ایک عظیم مقصد کے لیے لگن کا سبق دیتی ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے خواب کو حقیقت بنایا جائے، جو ایک جمہوری، ترقی پسند اور جامع پاکستان ہے، جہاں ہر فرد کی عزت و تکریم کو یقینی بنایا جائے۔
پی پی پی چیئرمین نے پارٹی کارکنان اور قوم سے اپیل کی کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جمہوریت، رواداری اور سماجی انصاف کے اصولوں کے ساتھ اپنی وابستگی سے تجدید عہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی اور قربانی ایک منصفانہ اور مساوی معاشرے کے لیے ان کی جدوجہد کا لازوال ثبوت ہے۔اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کے اس خواب کو حقیقت میں بدلیں، جس میں پاکستان سیاسی، سماجی اور معاشی استحصال سے پاک ہو۔ وہ دن دور نہیں جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا۔
Comments are closed.