اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ نو مئی کے مزید ساٹھ ملزمان کو ٹھوس شواہد اور فئیر ٹرائل کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئی ہیں ۔ سزاوٴں سے ریاست مزید مضبوط ہو گی ، سانحہ کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کا بھی ٹرائل اہم ہے سزاوں میں عالمی قوانین کو ملحوظ رکھا گیا ہے ۔ ملٹری کورٹ سے سانحہ نو مئی کے مزید ساٹھ ملزمان کو سز ائیں سنائے جانے کے معاملے پر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا سانحہ نو مئی بانی پی ٹی آئی کی سازش تھی۔ نو مئی کو لاہور جناح ہاوس، پی اے ایف میانوالی، راولپنڈی، قلعہ چکدرہ کے ملزمان کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ نو مئی کو ملک کے دفاعی اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کی گئی۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے مذموم سازش تھی۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے رفقاء نے نو مئی کی منصوبہ سازی میں حصہ لیا اور تمام تر شواہد کی بنیاد پر سانحہ کے مجرمان کو سزائیں سنائی گئیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جن مجرمان کو سزائیں سنائی گئیں یہ توڑ پھوڑ میں ملوث تھے، مجرمان کا فیئر ٹرائل ہوا ہے۔ ٹرائل کے دوران تمام بنیادی حقوق بھی دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں عجلت میں کیس کا فیصلہ نہیں ہوا بلکہ پراسیکیوشن کی طرف سے بہت وقت لیا گیا، عدالت میں باقاعدہ شواہد پیش کئے گئے۔ انہوں نے کہا فیصلے سے انصاف کا بول بالا ہوا ہے، اب کوئی جرات نہیں کر سکے گا کہ ملکی دفاعی تنصیبات پر حملہ کرے۔ انہوں نے ک کہا کہ رائٹ ٹو فیئر ٹرائل عالمی معاہدوں اور قوانین کے عین مطابق ہے۔ رائٹ ٹو فیئر ٹرائل میں ہمارے آئین اور قانون کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ رائٹ ٹو فیئر ٹرائل میں وکیل کا حق، ریکارڈ اور فیملی تک رسائی دی گئی ہے۔ اس میں اپیل کے دو حق بھی دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ نو مئی میں حملہ آوروں کا تمام ریکارڈ موجود ہے۔ اب سانحہ نو مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو بھی سزائیں ملنی چاہئیں۔ کیونکہ یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے ملک دشمنوں کا خواب پورا کیا۔ انہوں نے کہا ملٹری کورٹ کا ایکٹ ہماری پارلیمنٹ نے پاس کیا ہے۔
فیئر ٹرائل میں عالمی سطح پر بھی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ ملزمان کے خلاف ناقابل تردید ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا نو مئی کے سیاہ دن کو ملک کے دفاعی اداروں پر حملے کئے گئے، شہداء کی بے حرمتی کی گئی۔ آج ہم سمجھتے ہیں کہ شہداء کی روحیں پرسکون ہوں گی۔ جن لوگوں نے شہداء کی یادگاروں کو مسمار کیا، آج وہ کیفر کردار تک پہنچے ہیں۔ اب ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہوگی ، ان سزاوں کے بعد پاکستان کا دفاع اور پاکستان کی سالمیت مقدم ٹھہری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تو بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی کہہ دیا کہ معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ یہ تمام چیزیں ملک کے بہترین مفاد میں ہیں ۔
Comments are closed.